پہلاٹی ٹونٹی، پاکستان، نیوزی لینڈ آج مدمقابل، ٹرافی کی رونمائی

Jan 12, 2024

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ میچ صبح 11بج کر 10منٹ پر شروع ہوگا۔ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی جس میں پاکستانی کپتان شاہین آفریدی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن شریک ہوئے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اتوار، تیسرا 17، چوتھا 19 اور آخری میچ 21 جنوری کو شیڈول ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک 34 مرتبہ ٹی ٹونٹی میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے 20 پاکستان اور 13 میچز نیوزی لینڈ نے جیتے ہیں جبکہ ایک میچ کا نتیجہ سامنے نہیں آسکا تھا۔نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا سکور 201 اور کم ترین 101 ہے۔قومی کرکٹرز نے گزشتہ روز کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی بائولنگ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ کی پریکٹس کی ۔بابر اعظم نے عامر جمال اوردیگر کھلاڑیوں کو ٹپس دی ۔ انہوںنے بیٹنگ کی بہترین تکنیک کیساتھ ساتھ فٹ ورک کا استعمال بھی سکھایا۔ پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا بابراعظم کی فارم خراب چل رہی ہے، انہوں نے اتنے رنز کئے ہیں کہ میں گنتی بھی نہیں کرسکتا۔آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابراعظم اور محمد رضوان دنیا کی بہترین اوپننگ جوڑی ہے اور رہے گی، ورلڈ کپ سے قبل 17 ٹی ٹونٹی میچز ہیں۔ اس دورے پر مختلف کمبی نیشن بنائیں گے، کون کس جگہ پر بہتر کھیل رہا ہے، جب انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے جائیں گے تو سب کو معلوم ہو گا کس نے کیا کرنا ہے، ورلڈ کپ سے پہلے چاہتے ہیں معلوم ہو کون کس پوزیشن پر کھیلے گا، نہیں چاہتے ورلڈ کپ سے قبل پھر کوئی انجری ہو جائے۔ میں مکمل فٹ ہوں، دو ٹیسٹ میں زیادہ بائولنگ ہو گئی تھی، مینجمنٹ نہیں چاہتی تھی کہ پھر کوئی انجری ہو جائے، اگر سیریز جیتنے کا کوئی موقع ہوتا تو ضرور کھیلتا۔ اولین ترجیح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے، یہ فارمیٹ مجھے پسند ہے، میرے لئے بڑا فخر کا لمحہ ہے میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں، ٹی ٹونٹی میں پاکستان ٹیم اچھی کھیلتی ہوئی آ رہی ہے، ٹی ٹونٹی کے بڑے ایونٹ میں بھی کارکردگی اچھی رہی ہے، لیکن بدقسمتی سے ان ایونٹس میں وہ نتائج نہیں ملے جو ملنے چاہیے تھے۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل کھیلنا آسان نہیں ہوتا، چھوٹی چھوٹی غلطیاں کر رہے تھے، کوشش ہو گی غلطیاں نہ کریں، اس وقت ٹیم میں کچھ کھلاڑیوں نے کم بیک کیا اور کچھ نئے کھلاڑی بھی ہیں، نیوزی لینڈ کے دورے پر کوشش ہوگی سب کو موقع ملے۔ میرے پہلے اوور میں وکٹ اتنی زیادہ نہیں ہے، پہلے اوور میں وکٹ 15 یا 16 میچز میں ہو گی تاہم جب لوگ اْمید باندھ لیتے ہیں تو ہم بھی کوشش کرتے ہیں، ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن سب سے زیادہ سپورٹ شکست کے وقت چاہیے ہوتی ہے، ہار کے موقع پر سپورٹ ملنی چاہیے جیتنے پر تو سب ہی سپورٹ کرتے ہیں۔ جو کمی مجھ میں ہے کوشش ہو گی اس کو دور کروں، انسان ہمیشہ سیکھتا ہے، میں بھی سیکھ رہا ہوں، اپنے ملک کیلئے آخری دم تک جو کرنا ہو گا کروں گا، بائولنگ کے وقت جب بورڈ کم سپیڈ بتا رہا تھا تو ہمیں خود حیرت ہو رہی تھی، اتنا زور لگا کر بائولنگ کر رہے اور سپیڈ صرف 130 بتا رہی ہے۔

مزیدخبریں