اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بچت انفرادی تحفظ کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں سیونگ سکیم کے بارے میں ایک برین اسٹورمنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے بچت کے کلچر کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی سیونگ سکیم کے کا مقصد 150,000 صارفین کو بچت کرنے کی ترغیب دینا ہے۔سیشن کے دوران، ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخلاقی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت مند خاندانوں کی عزت نفس کا احترام کرتے ہوئے ان کی مدد کریں۔ اس تقریب میں بی آئی ایس پی کے حکام، مختلف بینکوں کے نمائندوں اور دیگر مالیاتی اداروں نے سیونگ پروڈکٹ کے ڈیزائن پر تبادلہ خیال کیا جو صارفین کی مالی بااختیار ی کو یقینی بنائے گا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بہترین اور آسان سیونگ پروڈکٹ پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پروڈکٹ کے ڈیزائن میں سادگی کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے دلچسپی رکھنے والے بینکوں سے فوکل پرسنز کی نامزدگی کی درخواست کی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ بی آئی ایس پی اس وقت 9.3 ملین ضرورت مند خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر رہا ہے، اور بی آئی ایس پی سیونگ سکیم کے تحت 1000 روپے ماہانہ بچت پر حکومت 400 روپے اضافی ادا کرے گی ۔سیشن میں بی آئی ایس پی بچت سکیم پر تفصیلی بریفنگ شامل تھی، جہاں بچت مصنوعات کے ڈیزائن کے حوالے سے بینک کے نمائندگان کی تجاویز کو بہت سراہا گیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بچت اسکیم کو ڈیزائن کرنے میں بی آئی ایس پی ٹیم کے کردار کی تعریف بھی کی۔سیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد طاہر نور، ڈی جی این ایس ای آر نوید اکبر، ڈی جی فنانس وسیم احمد، ڈی جی او ایم ڈاکٹر عاصم اعجاز، اور ڈائریکٹر ملک محمد ابوبکر شامل تھے۔