کولڈ سٹوریج انڈسٹری کیلئے بجلی بلوں کا انڈسٹریل ٹیرف بحال کیا جائے، احسن بختاوری

Jan 12, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے صدر بابو محمد علیم اور جنرل سیکریٹری طا ہر ایوب کی قیادت میں کولڈ سٹوریج مالکان کے ایک وفد نے صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری سے چیمبر ہا ئو س میں ملاقات کی اور ان کو کولڈ سٹوریج انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ کولڈ سٹوریج انڈسٹری انڈسٹریل ٹیرف کے تحت بجلی کے بل ادا کر رہی تھی لیکن حکومت نے اس انڈسٹری پر کمرشل ٹیرف عائد کر دیا ہے جس وجہ سے ان کے بجلی کے بلوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا اور اور کاروبار کی لاگت بہت بڑھ گئی ہے جس وجہ سے یہ انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے۔ لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کولڈ سٹوریج انڈسٹری کیلئے بجلی کے بلوں کا انڈسٹریل ٹیرف بحال کیا جائے تا کہ اس انڈسٹری کی مشکلات کم ہوں اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ کولڈ سٹوریج انڈسٹری کی کاروباری لاگت بڑھنے سے سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں بھی غیر ضروری اضافہ ہو رہا ہے لہذا حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے اس شعبے کیلئے انڈسٹریل ٹیرف کو دوبارہ بحال کرے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر ان کے مسائل حل کرانے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے صدر بابو محمد علیم اور جنرل سیکریٹری طا ہر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد کی ہول سیل سبزی و فروٹ منڈی اس علاقے کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر اور شمالی علاقہ جات کو بھی سبزی و فروٹ سپلائی  کرتی ہے اور برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ سبزی منڈی کو درپیش مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔  امیر حمزہ، ارسلان جاوید، چوہدری صدیق، ضیا الرحمان، حاجی بشیر، چوہدری سہیل اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے ارسلان جاوید کو کولڈ سٹوریج کمیٹی کا کنو ینر مقرر کیا اور ان کو اس سلسلے میں باقاعدہ لیٹر بھی دیا گیا۔  

مزیدخبریں