خواتین کی اکثریت میاں اسلم کو ووٹ دے گی، نصرت ناہید طاہر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )جماعت اسلامی کی خواتین رہنماؤں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا حلقہ خواتین ملک میں خواتین کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ الیکشن میں میاں اسلم کی کامیابی ہمارے لیے ایک جہاد ہے۔ اسلام آباد میں جماعت اسلامی الیکشن مہم کی ناظمہ نصرت ناہید طاہرنے جی الیون اور ای الیون میں ویمن وکررز کنونشنز سے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد سے خواتین کی اکثریت میاں اسلم کو ووٹ دے گی۔ خواتین ورکرز ہر سیکٹر میں منظم ، موثر اور نتیجہ خیز مہم چلائیں گی۔ ہر سیکٹر میں خواتین کا جلسہ عام ہوگا۔ ای الیون میں جماعت اسلامی کی رہنما معراج بانو، زونل ناظمہ طلعت الیاس اور جی الیون کی ورکرز سے زونل ناظمہ یاسمین سلیم اور نائب ناظمہ قدسیہ ناموس نے خطاب کیا۔ میاں اسلم نے دونوں کنونشنز میں شرکت کی اور خواتین ورکرز کی مہم اور پلاننگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کے لیے سب سے بڑی آواز جماعت اسلامی ہے۔ علاوہ ازیں میاں اسلم نے گذشتہ شام آئی ٹین فور میں میاں عبداللطیف کی زیر صدارت کارنر میٹنگ سے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست عوام کی خدمت ہے۔

ای پیپر دی نیشن