پشاور(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عدالت میں جو ہوا، سب کے سامنے ہے، میں آج بھی اپنی بات پر کھڑا ہوں، عدلیہ سے گلہ تھا، ہے اور رہیگا، جو بھی کہا ہے وہ پورے ملک میں زبان زدعام ہے،میں نے جو بھی کہا ہے وہ اس قوم کی ترجمانی ہے۔ پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ آج زندگی میں دوسری دفعہ عدالت آیا ہوں، پہلا کیس عمران خان، عارف علوی، جنرل فیض اور دیگر کے خلاف کیاجنہوں نے پختونخوا میں دہشت گردوں کی دوبارہ آبادکاری کی۔ عوامی نیشنل پارٹی ایک تاریخ رکھتی ہے، کوئی توہین عدالت کی توقع بھی نہ رکھے۔ ہم نے عدلیہ کے وقار کیلئے ایک آمر کے خلاف جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔عدلیہ وہ دن یاد رکھے جب اے این پی کے سینکڑوں کارکنان کراچی میں عدل کی بحالی کیلئے شہید ہوئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یقین ہے کہ اپنے آبااجداد کے راستے پر چلیں گے تو عدالتوں کے چکر زیادہ لگانے پڑیں گے۔آج کی عدالتی کارروائی میں توہین عدالت کے حوالے سے کچھ بھی نہیں تھا۔ ایسا لگا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کچھ وضاحتیں کرنا چاہتے تھے۔ انتخابات بارے گفتگو کرتے ہوئے صدر اے این پی پختونخوا ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے، انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ 8 فروری کو ملک بھر میں صاف شفاف انتخابات منعقد ہوں۔ سیکیورٹی صورتحال بارے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سے برے حالات میں انتخابات میں حصہ لیا ہے۔