بھارتی فوج کی جانب سے کشتوارکے علاقہ میں سراوان میں ایک بیگناہ کشمیری نوجوان کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا ۔ ادھر شوپیاں میں فورسز نے ایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ دوسری جانب وادی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس آج سری نگر میں ہورہا ہے تاہم اپوزیشن جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اس میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔ اجلاس میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں آج بھی کرفیو نافذ ہے ۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی جانب سے گیارہ اور بارہ جولائی کو مکمل ہڑتال ، جبکہ تیرہ جولائی کو مزار شہداء کی طرف مارچ کی کال دی گئی تھی ۔ میرواعظ عمرفاروق نے بھی سرینگر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے ہیڈ کوارٹر کی طرف مارچ کرنے کی کال دے دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں کشمیری کل یوم شہدائے کشمیر منائیں گے ۔ واضح رہے کہ تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کو ڈوگرا فورسزنے سنٹرل جیل سری نگر کے باہر فائرنگ کرکے بائیس بیگناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔