سنوکر ورلڈکپ....پاکستان نے پہلے میچ میں ہارٹ فیورٹ آئرلینڈ کو ہرا دیا

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری سنوکر ورلڈکپ 2011ءکے پہلے روز پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 3-2 سے شکست دیدی۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے ”نوائے وقت“ کو بتایا کہ پاکستان اپنا دوسرا میچ آج منگل کو جرمنی کیخلاف کھیلے گا۔ شاہد آفتاب کاڈی اور محمد سجاد پر مشتمل قومی ٹیم نے آئرلینڈ کے سابق ورلڈ چیمپئن کین ڈورتھی اور فرجل اوبرائن کو 3-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ بڑی خوش آئند پیشرفت ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کی ہارٹ فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ کیخلاف کامیابی پاکستان کو سنوکر ورلڈکپ کے دوسرے را¶نڈ کیلئے کوالیفائی کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ میچ نتائج کے مطابق پہلے فریم میں آئرلینڈ کے کین ڈورتھی نے محمد سجاد کیخلاف 111 کی بریک کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ دوسرے فریم میں پاکستان کے شاہد آفتاب نے آئرلینڈ کے فرجل اوبرائن کو 74 کی بریک کے ساتھ ہرایا۔ تیسرے فریم میں ڈبلز مقابلے میں پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دی۔ چوتھے فریم میں شاہد آفتاب نے آئرلینڈ کے کین ڈورتھی کو 74-16 سے شکست دی جس میں شاہد آفتاب نے 39 اور 23 کی بریک کھیلی۔ پانچویں فریم میں آئرلینڈ کے فرجل اوبرائن نے پاکستان کے محمد سجاد کو 101 کی بریک کھیل کر شکست سے دوچار کیا تاہم مجموعی طور پر پاکستان نے آئرلینڈ کو دو کے مقابلے میں تین فریم سے ہرا کر اہم میچ جیت لیا۔

ای پیپر دی نیشن