دھرنوں‘ اتحادوں سے حکومت ختم نہیں ہو گی: گیلانی کا پارٹی سیکرٹریز سے خطاب

اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دھرنوں اور اتحادوں کے ذریعے جمہوری حکومت کو ختم نہیں کیا جا سکتا‘ پیپلز پارٹی کو ملک بھر کے عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے‘ پیپلز پارٹی کی تنظیموں کو فعال اور متحرک کر کے سیاسی مخالفین کو آئندہ انتخابات میں بھرپور شکست دیں گے‘ غیر جمہوری طریقے سے تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا‘ کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں‘ آنے والے انتخابات میں کارکنوں کو ہر سطح پر آگے لایا جائے گا۔ وہ وزیر اعظم ہاﺅس میں پیپلز پارٹی کے ملک بھر سے آئے ہوئے ضلعی سیکرٹری اطلاعات سے ملاقات میں خطاب کر رہے تھے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ‘ چیئرمین بیت المال زمرد خان اور سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر سطح پر پارٹی کے شعبہ اطلاعات کو منظم کیا جائے تاکہ مخالفین کے منفی پراپیگنڈا کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔ پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کی ہمارے مخالفین ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر ہو یا بلوچستان انہیں ہر جگہ منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ وزیراعظم نے 26 سیکرٹری اطلاعات کو اسناد بھی دیں۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر خطاب میں وزیراعظم گیلانی نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر خطاب میں کہا کہ ہمارے پاس ساڑھے 17 کروڑ لوگوں کےلئے وسائل نہیں‘ پارلیمنٹ میں بحث کے ذریعے وسائل اور آبادی کے توازن کی پالیسی بنانا ہو گی‘ فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہمیں دنیا کا پانچواں بڑا غریب ترین ملک بننا ہے یا اپنے لوگوں کو ماہر ڈاکٹر‘ انجینئر اور سائنسدان بنانا ہے‘ اقتصادی ترقی کی شرح سے زیادہ رفتار سے آبادی بڑھتی رہی تو لوگوں کی سماجی اور اقتصادی ضرورتیں پوری نہیں ہو سکیں گی اور ہر کوئی متاثر ہو گا‘ آبادی میں تیزی سے اضافے سے اقتصادی ترقی متاثر ہورہی ہے‘ موجودہ شرح سے آبادی بڑھتی رہی تو یہ 2020ءتک 21 کروڑ سے بڑھ جائے گی۔ وزیراعظم سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے آزاد کشمیر کے آئندہ حکومتی سیٹ اپ میں مسلم کانفرنس کو شرکت اقتدار کی دعوت دی۔ سردار عتیق احمد خان نے پارٹی سے مشاورت کے لئے مہلت مانگ لی ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے وزیراعظم گیلانی سے شکایت کی کہ وفاقی حکومت کے کچھ لوگ مسلم کانفرنس کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی گورنمنٹ کالج سے تعلق رکھنے والے اپنے استاد پروفیسر آر اے خان سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں 10 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ آئندہ نسلوں کے معمار ہیں‘ حکومت مربوط تعلیمی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت نہ صرف اساتذہ کو مراعات فراہم کی جائیں گی بلکہ تعلیمی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ میں بھی مدد ملے گی۔ اپنے استاد کے ہاتھ کا لکھا گیا کریکٹر سرٹیفکیٹ ان کے پاس ہے جو ایک سرمایہ ہے۔ پروفیسر اے آر خان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی محنتی طالب علم تھے۔
گیلانی / پارٹی سیکرٹریز

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...