لاہور (خبر نگار) ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق صدر‘ چیئرمین عرفان گروپ آف کمپنیز ایم یاور عرفان خان نے کہا ہے کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا لہٰذا طلبہ و طالبات اپنی تمام تر توجہ علم حاصل کرنے پر مرکوز رکھتے ہوئے پاکستان کی آزادی کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کریں۔ بچے اپنے والدین اور اساتذہ¿ کرام کا احترام ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھیں اور ان کی بات کو مانیں۔ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مسلسل محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر نے بے پناہ قربانیاں دیں اورانہی قربانیوں کی بدولت مسلمانوں نے قائداعظمؒ کی قیادت میں ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان میں نظریاتی سمر سکول کے تیرہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے انتیسویں روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد،سیکرٹری شاہدرشید بھی موجود تھے۔ پروگرام کاآغاز تلاوت کلام پاک‘ نعت رسول مقبول اور قومی ترانہ سے ہوا۔ علاوہ ازیں نظریاتی سمر سکول کے طلبہ نے”یوم خوش لباسی“ منایا۔ طلبہ رنگ برنگے خوبصورت ملبوسات پہن کر آئے۔