”دریائے چناب پر بھارتی قبضہ سے لاکھوں ایکڑ اراضی بنجر ہو گئی“

Jul 12, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار)مذہبی و سیاسی رہنماﺅںنے دریائے چناب پر کشن گنگا ڈیم کے بعد کشتواڑ میں 850میگاواٹ کے ہائیڈل پروجیکٹ کی تعمیر کے اعلان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اسرائیلی ماہرین کے تعاون سے پاکستانی دریاﺅں پرتیزی سے غیر قانونی ڈیم تعمیر کر رہا ہے\وہ صرف دریاﺅں پر ہی نہیں پاکستان کی جانب آنے والی ندی نالوں پر بھی ڈیم بنا رہا ہے تاکہ جب چاہے پانی چھوڑ کر پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پیدا کر دے اور جب چاہے پاکستان کا پانی روک کر ہمارے لہلہاتے کھیت برباد کر دے۔دریائے چناب پر بھارتی قبضہ سے لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہو جائے گی۔ پاکستان بھارتی آبی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے اور متنازعہ ڈیموں کی تعمیر روکنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہارجماعةالدعوة پاکستان کے مرکزی رہنماﺅں حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، پاکستان واٹر موومنٹ کے کنوینر حافظ سیف اللہ منصور، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما شیخ نعیم بادشاہ ،امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم، تحریک آزادی جموں کشمیر کے رہنماﺅں حافظ خالد ولید اور ڈاکٹر ابو وقاص نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کی دھجیاں بکھیرنے والے بھارت سے پاکستانی دریاﺅں پر تعمیر کردہ ڈیموں کا قبضہ چھڑانے کے لئے قوم کومتحد و بیدار ہو جائے۔ 

مزیدخبریں