لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب کو محکموںکی طرف سے نامکمل کیس بھجوانے پر پابندی عائد کر دی ہے اور اسے غیر قانونی قرار دے دیا ہے ۔ اس بارے میں محکمہ آئی اینڈ سی کے سیکرٹری نے چیف سیکرٹری پنجاب کے حکم پر تمام محکموں اور اداروں کے سربراہوں کو ایک لیٹر لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رولز آف بزنس کے رول 15 کے تحت وزیر اعلی پنجاب کو منظوری کے لئے جو کیس بجھوایا جائے گا اس کے لئے تمام متعلقہ محکموں سے منظوری لی جائے گی۔ تاہم محکمے وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو کیس بھجوانے سے پہلے محکموں کی رائے لیں اور آئندہ سے اس قانون پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے جو کیس وزیر اعلی پنجاب کو بھجوایا جائے اس پر تمام متعلقہ اداروں کی رائے بھی وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو بھجوائی جائے۔ تاہم وزیر اعلی کی طرف سے فوری طور پر کسی کیس پر رپورٹ طلب کی جائے گی تو اس پر یہ شق لاگو نہیں ہوگی۔ لیٹر میں کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے اس صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔