لاہور(خبر نگار) چیئر مین پی آئی اے اسلم خالق نے کہا پی آئی اے قائم و دائم رہے گی اور ہم پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ایئر لائن کے ملازمین کی مدد سے اسے دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے نامزد کئے گئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے بھی خصوصی دعوت پر شرکت کی اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پی آئی اے بہت جلد نئے طیارے ڈرائی لیز پر اپنے فضائی بیڑے میں شامل کرے گی۔ چیئر مین پی آئی اے نے کہا کہ ایئر لائن اس وقت اپنے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے ، پی آئی اے کے پاس پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کی بہترین افرادی قوت موجود ہے لیکن اس وقت فوری ضرورت اس بات کی ہے کہ پی آئی اے کی مکمل تنظیم نو کی جائے اور خاص طور پر کسٹمرز سروس کی ، کیو نکہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اچھی سروس بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔بورڈ ممبران کی تمام مراعات بھی فوری ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی آئی اے کے چیئرمین اورچیف ایگزیکٹو آفیسر نے اعلان کیا ہے کہ وہ پی آئی اے کیلئے بغیر معاوضہ لئے کام کریں گے۔ بورڈ نے اپنے ممبران کے لئے اندرون ملک و بیرون ملک مفت سفر کی سہولت ختم کرنے کیلئے بھی سفارشات پیش کی ہیں۔
چیئرمین اورچیف ایگزیکٹو آفیسرپی آئی اے کا تنخواہ نہ لینے کااعلان
Jul 12, 2013