حکومت نے تاجکستان سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی

Jul 12, 2013

اسلام آباد(این این آئی) حکومت نے توانائی پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیا، تاجکستان سے بجلی کی درآمد کے لیے منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی۔ نجی ٹی وی نے کاسا 1000 پلان کی حاصل کردہ دستاویزات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس منصوبے کے تحت پاکستان کو ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی اور منصوبے سے بجلی صرف سال میں پانچ ماہ درآمد کی جا سکے گی۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ تاجکستان سے درآمدی بجلی کا ٹیرف آٹھ روپے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔ افغانستان پانچ روپے فی یونٹ راہداری وصول کرےگا، منصوبے سے 2016 ءتک بجلی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق چاروں ممالک اپنے اپنے علاقے میں ٹرانسمیشن لائن کی سرمایہ کاری خود کریں گے۔ تاجکستان سے بجلی درآمد کرنے کے لیے 750 کلومیٹر 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔ 562 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن افغانستان سے گزرے گی۔ منصوبہ مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر میں مکمل ہو گا۔

مزیدخبریں