افغان سرحدی علاقہ میں خودکش حملہ‘ ایف سی اہلکار سمیت 8 جاں بحق ‘ کوہاٹ میں بم دھماکہ ‘3 افراد مارے گئے

Jul 12, 2013

چمن (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) افغان سرحدی علاقے ویش منڈی میں ہونے والے خودکش بم حملے میں ایف سی اہلکار سمیت 8 افراد جاںبحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔ افغان حکام کے مطابق افغان سرحدی علاقے ویش منڈی میں خودکش دھماکہ ہوا۔ ذرائع ایف سی حکام کے مطابق خودکش دھماکے کے بعد باب دوستی بند کر دیا گیا جبکہ دھماکے کے 6 زخمیوں کو سول ہسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب پاکستان افغانستان کے پرحم اتارے جا رہے تھے۔ خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ایف سی ذرائع کا کہنا ہے خودکش دھماکے کے بعد باب دوستی کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ زخمیوں میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔ثناءنیوز کے مطابق خودکش دھماکہ افغانستان کے علاقے دلیش منڈی میں ہوا، ایف سی ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پاکستان اور افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے بالکل قریب جا کر دھماکہ کیا جس سے افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کیساتھ ایف سی اہلکار بھی زد میں آگئے۔ این این آئی کے مطابق خودکش حملہ آور افغانستان سے بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں داخل ہونے کے لئے باب دوستی کے راستے داخل ہونا چاہتا تھا، سکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک شخص کو روکنے کی کوشش کی جس پر خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ آئی این پی کے مطابق زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، صدر زرداری، وزیراعظم نوازشریف، عمران خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما¶ں نے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق منور حسن اور لیاقت بلوچ نے بھی چمن بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ منور حسن نے تعزیتی بیان میں کہا رمضان المبارک میں بھی معصوم پاکستانی شہریوں کو تحفظ حاصل نہیں۔ بھارتی تخریب کار بلوچستان میں حالات خراب کر رہے ہیں لیکن سکیورٹی ادارے سب کچھ جانتے ہوئے دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام ہیں۔

مزیدخبریں