لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی سائبر کرائم برانچ نے گرین کیمپ ہائوسنگ سوسائٹی فیروز پور روڈ کے ایک گھر پر چھاپہ مار کر مختلف کمپنیوں کی 15 ہزار غیرقانونی سمیں برآمد کر لیں اور سیلولر کمپنیوں میں کام کرنے والے دو افراد طاہر عباس اور شیخ قاسم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزموں سے دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ وہ نادرا کے چند ملازمین کی ملی بھگت سے نادرا کا ڈیٹا حاصل کرتے تھے اور اسکی مدد سے سموں کو ایکٹیویٹ کر کے جرائم کی مختلف کارروائیوں کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزمان نے بتایا ہے کہ ایک سم کو ایکٹیویٹ کرنے کیلئے 3 روپے معاوضہ دیا جاتا تھا۔ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔
لاہور: ایف آئی اے کا گھر پر چھاپہ، 15 ہزار سِمیں برآمد، 2 افراد گرفتار
Jul 12, 2014