لاہور (صباح نیوز+ نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب بھر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوزکرگیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے ماہ صیام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے حکومتی دعوئوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ شہریوں کو سکھ کا سانس نہ لینے دیا۔ لوڈشیڈنگ نے ہر کسی کو پریشان کررکھا ہے۔کہیں پانی کی قلت تو کہیں ٹرانسفارمز کی ٹرپنگ کے باعث طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے رمضان المبارک میں بجلی کا نہ ہونا حکومتی کارکرد گی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے شہروں میں دس جبکہ دیہات میں بجلی بندش کا دورانیہ بارہ گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب انیس ہزار نو سو اور پیداوار سولہ ہزار آٹھ سومیگاواٹ ہے جبکہ شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ ہے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں سحری، افطاری اور نماز تراویح کے دوران بجلی بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے، نمازی اور روزہ دار اندھیرے اور تاریکی میں تراویح پڑھنے اور روزہ رکھنے پر مجبور ہیں جبکہ یہاں پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ ڈونگہ بونگہ میں شدید گرمی کا زور اور کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے شہری پسینے سے شرابور ہو گئے۔ نماز تراویح افطار و سحری میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ درجہ حرارت بڑھ گیا۔ برف کی قلت پانی مساجد اور گھروں میں نایاب، وہاڑی میں دیہاتوں میں20گھنٹے جبکہ شہروں میں 16سے18گھنٹے غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈ نگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس پرکالج ٹاؤن کے رہائشیوں چودھری عبداللطیف وغیرہ نے احتجاج کر تے کہا لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ مکین پانی بھرنے سے تنگ ہیں۔