4 وکٹیں، سنچری، حفیظ نے پاکستان کو سری لنکا کیخلاف پہلا ون ڈے جتوا دیا

کولمبو+ لاہور (بی بی سی+ نمائندہ سپورٹس + خصوصی رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 256 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمد حفیظ مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان کی اننگز کی خاص بات محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ بلے بازی تھی۔ انہوں نے 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی اور 95 گیندوں پر 103 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ محمد حفیظ کے آئوٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے۔ بعدازاں شعیب ملک اور محمد رضوان نے پراعتماد بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ شعیب ملک 55 اور محمد رضوان 20 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان اظہر علی تھے جو 21 رنز بنا کر میتھیوز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ 65 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 29 رنز بنا کر لکمل کی گیند پر چندی مل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 123 کے مجموعی سکور پر گری جب دلشان نے بابر اعظم کو 25 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے، پریرا نے اپنی ہی گیند پر انکا کیچ لیکر انہیں آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 255 رنز بنائے تھے۔ ماسوائے چندی مل کے کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی نصف سینچری نہ سکور کرسکا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 4 وکٹیں لیکر نمایاں رہے۔ سری لنکن اوپنر پریرا کو 26 رنز بنا کر محمد حفیظ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ تھریمانی کو 23 رنز پر انور علی نے آؤٹ کیا۔ تیسری وکٹ تھرنگا کی گری وہ بھی 20 رنز ہی بنا پائے۔ اوپنر دلشان 38 رنز بنا پائے تھے کہ انہیں حفیظ نے آؤٹ کردیا، میتھیوز نے 38 رنز بنائے۔ سری وردنہ کا سکور 20 رہا۔ پراسنا کوئی بھی رن نہ بنا پائے انہیں حفیظ کی گیند پر راحت نے کیچ آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر محمد حفیظ رہے انہوں نے چار کھلاڑی آئوٹ کئے۔ دوسرا نمبر راحت علی کا ہے جنہوں نے دو کھلاڑیوں کو پولین واپس لوٹایا۔ یاسر شاہ اور انور علی ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کر پائے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں اس بات کا فائدہ حاصل ہوا کہ جب تک حفیظ کی بائیومکینک رپورٹ نہیں آجاتی وہ بولنگ کرسکتے ہیں۔ محمد حفیظ نے دمبولا میں نہ صرف اپنے ون ڈے کریئر کی بہترین بولنگ کی بلکہ شاندار سنچری بھی بنا کر پاکستان کی چھ وکٹوں کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات زندہ رکھنے کیلئے پاکستانی ٹیم کو یہ ون ڈے سیریز ہر حال میں جیتنی ہے۔ سری لنکن ٹیم کا یہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل تھا جو وہ کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے بغیر کھیلی اور ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکے بیٹسمینوں کیلیے ایک بڑا سکور کرنا ممکن نہ رہا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے کرکٹرز نے پہلے ون ڈے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے سری لنکا کو شکست دی، بلاشبہ سری لنکا کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی پہلے ون ڈے میں شاندار کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...