معاشی اصلاحات کا پروگرام اسی جذبہ کے تحت دو سال جاری رہے گا: اسحقٰ ڈار

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں تین سال قبل شروع کیا گیا معاشی اصلاحات کا پروگرام آئندہ دو سال میں بھی اسی جذبے سے جارہے گا، معاشی اصلاحات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں تین سال کے دورانیہ میں حکومت نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے، معاشی استحکام کے لئے حکومت کو مشکل ، سخت اور غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے فوائد معاشی حالات میں بہت بہتری آ رہی ہے۔ آئندہ تین سال کے عرصہ میں اصلاحات کی بدولت معاشی اوستحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی ۔ سٹیٹ بینک ، سیکیورٹیزاینڈ ایکس چینج کمشن آف پاکستان اور ایف بی آرکی اصلاحات سے معیشت پر مثبت اثرات رونما ہوئے ۔ وزیراعظم نوازشریف اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل درآمد میں تسلسل سے معاشی فوائد مزید مستحکم ہوں گے شرح نمو میں اضافہ، غربت میں کمی روزگار کے مواقع پیدا کرے گااور ملکی معیشت کی ترقی میں کردارادا کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے ایمانداری کے ساتھ ٹی او آر بنائے ایسا قانون چاہتے ہیں جس کے تحت سب کا بلاامتیاز احتساب ہو۔ جمہوریت کے نام پر کرپشن نہیں چھپا رہے۔ دھرنوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، جب ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوتا ہے دھرنا سیاست شروع کردی جاتی ہے۔ سیاسی مفادات کے بجائے ملکی مفاد سب کی ترجیح ہونی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن