عبدالستار ایدھی کو ’’نشانِ حیدر‘‘ کی طرح ’’نشانِ انسانیت‘‘ دیا جائے: شجاعت

Jul 12, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات پر زبردست عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات نوبل انعام سے بالاتر ہیں۔ وہ تو کئی لوگوں کو مل جاتا ہے۔ ان کیلئے جرأت و بہادری کے سب سے بڑے قومی اعزاز ’’نشان حیدر‘‘ کی طرح خدمت انسانی کے سب سے بڑے قومی ایوارڈ ’’نشان انسانیت‘‘ کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالستار ایدھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہر جگہ اور ہر وقت تیار رہتے تھے۔ شجاعت حسین نے بتایا کہ میری ان سے کئی ملاقاتیں ہوئیں‘ لیکن سب سے یادگار ملاقات اس وقت ہوئی جب میں 2007ء میں آپریشن سے قبل آخری رات لال مسجد کے مسئلہ کے پُرامن حل کیلئے مذاکرات میں مصروف تھا تو مولانا کسی کے کہنے پر بلانے پر نہیں بلکہ ازخود اپنی اہلیہ کے ہمراہ وہیل چیئر پر مسجد کے باہر گندے نالے پر پہنچ گئے۔ اطلاع ملنے پر میں وہاں پہنچا تو کہنے لگے چودھری صاحب آپ انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ میں باہر بیٹھا ہوں کہ مجھے بھی خدمت کا موقع مل جائے۔

مزیدخبریں