لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی متاثر، شرقپور میں مظاہرہ، ساہوکا: گرمی ایک شخص کی جان لے گئی

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ جبکہ کاروبار زندگی شدید متاثر رہا۔ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شرقپور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ گرمی اور حبس کے باعث ساہوکا میں ایک شخص دم توڑ گیا۔ وزارت پانی و بجلی کے احکامات کے بعد تمام تقسیم کار کمپنیاں 6 گھنٹے شہروں اور دیہات میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کر رہی ہیں۔ لاہور اور کے مضافات میں 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی بند رہی۔ لیسکو کا بجلی کا خسارہ 7 سو میگا واٹ رہا جس کو پورا کرنے کے لیے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ساہوکا سے نامہ نگار کے مطابق قصبہ دیوان صاحب میں حضرت بابا شیر کے عرس کے دوران پاکپتن سے آنے والا 65 سالہ زائر ملک محمد یٰسین کو شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے دل کا دور پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا اور وہ موقع پر چل بسا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صارفین پریشان ہوگئے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ18 گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جبکہ شہر کے اندر کا روبار زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گیا۔ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق آندھی کے باعث تاریں کرنے سے متعد د دیہات کی بجلی بند ہو گئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی طویل بندش اور اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا جبکہ پاور لومز فیکٹریوں کی بندش سے مزدور طبقہ معاشی بدحالی کا شکار ہو گیا۔اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق رمضان المبارک کے بعد صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ترجمان کے مطابق رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کو سحر، افطار اور تراویح کے دوران بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے صنعتی شعبے کے لئے زیرو لوڈشیڈنگ ختم کی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...