ون ویلروں کا طوفان بدتمیزی، انتظامیہ خاموش

Jul 12, 2016

اداریہ

صوبائی دارالحکومت کی مختلف سڑکوں پر نوجوانوں کی طرف سے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس ون ویلنگ کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
لاہور اور پنجاب کے دوسرے شہروں میں عید کے دنوں میں 21 افراد ون ویلنگ کرتے ہوئے موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ انتظامیہ اس جان لیوا کھیل کو روکنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ون ویلروں کو نکیل ڈالنے کیلئے انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کر رکھی تھیں سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق 9 ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں لیکن مال روڈ، فیروز پور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ میں نوجوان وی ویلنگ کرکے موت کو دعوت دیتے رہے اور حکومتی ٹیموں نے آنکھیں بند کئے رکھیں۔ صرف عید پر ہی نہیں بلکہ ہر ویک اینڈ پر مین بلیوارڈ گلبرگ میں پولیس کی سرپرستی میں ون ویلنگ کی جاتی ہے۔ حکومت اگر سال بھر ون ویلروں کیخلاف کارروائی جاری رکھے تو اس خونی کھیل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ 21 جوانوں کا عید کے دنوں میں موت کے منہ میں چلے جانا باعث تشویش ہے، حکومت اس پر فی الفور پابندی عائد کرے۔

مزیدخبریں