مفروضےکی بنیاد پرنوازشریف کو سزاسنائی گئی، احتساب عدالت کے جواب میں عوام تیرہ جولائی کو اپنا فیصلہ سنائیں گے: شہبازشریف

لاہور میں بلدیاتی نمائندوں اور عوام سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا کہ ایک فیصلہ احتساب عدالت نے دیا ہے جس کے جواب میں عوام تیرہ جولائی کو اپنا فیصلہ سنائیں گے، نواز شریف اور مریم نواز سو سے زائد مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے، نوازشریف کیخلاف فیصلے میں لکھا ہے کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب عدالتوں میں سیکڑوں کیسز دس دس سال سے لٹکے ہوئے ہیں، جہاں کرپشن کے انبار لگے ہیں انہیں کیوں نہیں پوچھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت نواز شریف نے بنایا اور بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کیے۔ شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کو وینٹی لیٹرپر خدا حافظ کہہ کر بیٹی کے ہمراہ عوام کے پاس آرہے ہیں، تیرہ جولائی کو نوازشریف کے استقبال کےلئے پورا لاہور امڈآئے گا۔شہبازشریف نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، کہا جب پنجاب میں ڈینگی آیا تھا تو وہ پورا دن سرگرم رہتے تھے کبھی جناح ہسپتال تو کبھی میوہسپتال جاتے تھے جبکہ جب پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب نتھیاگلی کے پہاڑوں پر چڑھ گئے اور جب ان سے پوچھا گیا تو بولے سردیاں آئیں گے تو ڈینگی خود ہی ختم ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو بس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن اب وہی میٹرو پشاور میں بھی چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہماری کارکردگی ہے دوسری طرف جھوٹا اور بہتان خان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی ہے۔

ای پیپر دی نیشن