بدھ کو ایوان بالا میںمعمول کی کارروائی سانحہ پشاور کے باعث ملتوی کر دی گئی دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں اے این پی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور اور دیگر شہداء کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ایوان کا ماحول سوگوار تھا۔ ایوان میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کر سربراہ آصف علی زرداری او ر ان کی بہن فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی باز گشت سنی گئی جس پر چیئرمین سینیٹ نے وزیر داخلہ سے وضاحت طلب کر لی تو نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے اس بات کی تصدیق کی سپریم کورٹ کے حکم پر آصف علی زرداری اور ان کی بہن کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے۔ سینیٹ نے پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور بلور خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تعزیتی قرارداد متفقہ منظور کر لی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نے جمعرات کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ نے انتخابی امیدواروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے کمیٹی قائم کر دی۔ نیکٹا روزانہ کی بنیاد پراس کمیٹی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کو رپورٹ دے گی۔
مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی درپیش انتخابی مشکلات کو موثر انداز میں تاحال اٹھا نہیں سکیں جبکہ ایوان بالا کا اجلاس فیصلے کے مطابق کل (جمعہ کو ) غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان بالا میں دفاعی پوزیشن اختیار کئے ہوئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہارون بلور پر حملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر تنویر چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو ہرانے اور عمران خان کو جتوانے کی کوششیں سرکاری سطح پر زور پکڑ گئی ہیں، عمران خان اور شیخ رشید کو رینجر کی چار چار گاڑیوں کا پروٹوکول کیوں دیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی راولپنڈی سے گرفتاری کے سلسلے میں ان کے استقبال کے لئے آئے ہوئے مسلم لیگی کارکنوں کو پکڑ کر اڈیالہ جیل بھجوایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب عمران اور شیخ رشید کو سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے اس سلسلے میں رینجرز کی چار چار گاڑیاں ان دونوں کے آگے اور پیچھے پھر رہی ہیں۔
آصف زرداری‘ فریال تالپور کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بازگشت
Jul 12, 2018