لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ کو خدمت انسانیت کی بنیاد پر عوامی سطح پر زبردست مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ ہر شہر اور علاقہ میں ملی مسلم لیگ کے امیدواران کو بے پناہ محبتیں مل رہی ہیں۔ ریلیف سرگرمیوں کی طرح سیاسی میدان میں بھی عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں گے۔ یونین کونسل کی سطح پر رفاہی سرگرمیوں کا نیٹ ورک وسیع کیا جائے گا۔ بیرونی قوتوں کی ملی مسلم لیگ کو سیاست سے باہر کرنے کی سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ این اے 125 اور دیگر انتخابی حلقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے گئے اس ملک کو مدینے والا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ ملی مسلم لیگ عوام میں شعور بیدار کرکے اس مملکت خداداد کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی زبردست تحریک کھڑی کرے گی۔ ہم لوگوں کو مایوسیوں اور اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کی طرف لائیں گے۔ سابق حکمرانوں نے جس طرح عوام سے ووٹ حاصل کر کے نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی اور اس ملک کو بھارت کا دست نگر بنانے کی کوشش کی اس پر پاکستانی قوم میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ ایسی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان کے تحت پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کرے گی اور فرقہ واریت، پارٹی بازی اور گروہ بندیوں کا خاتمہ کر کے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے گا۔
ملی مسلم لیگ کو زبردست پذیرائی مل رہی، سیاست سے آئوٹ کرنیکی سازشیں ناکام ہونگی: حافظ سعید
Jul 12, 2018