کیپٹن (ر) صفدر ریلی کیس: حنیف عباسی سمیت 27 ملزموں کی عبوری ضمانتیں، 68 کارکن جیل منتقل

راولپنڈی (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) سابق ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی، سابق ایم پی اے زیب النساء اعوان، شاہد غفور پراچہ سمیت مزید 27 ملزمان کی 18جولائی تک عبوری ضمانتیں منظور جبکہ پولیس چھاپوں کے دوران گرفتار68 لیگی کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا گیا۔ حنیف عباسی، شاہد غفور پراچہ اور زیب النساء اعوان سمیت 9 ملزمان کو ضمانت پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عطا ربانی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نادیہ اکرام ملک اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی حاکم خان بکھر نے کیپٹن (ر) صفدر کی ریلی کے بعد درج مقدمات میں ملزمان حنیف عباسی، شاہد غفور پراچہ، زیب النسا اعوان، عبدالغیور بٹ، محمد یاسین، تنویر اختر،محمد مقیم، ملک سہیل، یاسر بٹ، حامد عباسی، عابد عباسی اورسید فیضان شاہ کی بھی عبور ی ضمانت منطور کرتے ہوئے 18 جولائی کو ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کے رہنمائوں حنیف عباسی، سردار نسیم اور سینیٹر چودھری تنویر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہماری ریلی پرامن تھی جس میں ایک شیشہ بھی نہیں ٹوٹا۔ پنڈی انتظامیہ صرف شیخ رشید اور عمران خان کو سکیورٹی دے رہی ہے۔ پنڈی انتظامیہ دو سیاسی یتیموں کے ایماء پر عمل پیرا ہے۔ 13 جولائی کو عوام کا جم غفیر لے کر براستہ موٹروے لاہور پہنچیں گے۔ گرفتاریاں یونہی جاری رہیں تو انتظامیہ نئی جیلیں بنائے۔

ای پیپر دی نیشن