اسلام آباد (آن لائن) سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لئے سب کچھ قربان کر دیا ہے۔ الیکشن کو متنازع بنانے کے لئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف پرانے کیسز کھولے جا رہے ہیں۔ خبردار کرتا ہوں اس سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہو گا۔ آج کل دباؤ کی سیاست ہو رہی ہے لوگوں کو بلا بلا کر مختلف کام سپرد کرتے ہیں اس سے متعلق آصف زرداری کو خط لکھا۔ تمام ادارے مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں ۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بالادستی کی بات کرتے ہیں جس کے لئے ہم نے ہر چیز قربان کر دی۔ الیکشن کے نزدیک آتے ہی پرانے کیسز کھولے جا رہے ہیں جس سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہو گا۔ کچھ طاقتیں الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قوم کا نقصان ہو گا۔ اسٹیبلشمنٹ کو سمجھ کر چلنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل دباؤ کی سیاست ہو رہی ہے لوگوں کو بلا بلا کر بتایا جاتا ہے کہ فلاں فلاں کام کرو اس لئے بحثیت پاکستانی اور سیاستدان ضرور سمجھا اور آصف زرداری کو خط لکھا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ادارے خود مختار ہو کر کام کریں۔ ایک دوسرے کے کاموں میں مداخلت کرنے سے انتظامی حالات بگڑ جاتے ہیں اور ملک مسائل کی طرف جاتے رہیں۔ تمام اداروں کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لئے سب کچھ قربان کر دیا ہے: خورشید شاہ
Jul 12, 2018