پانچ شہروں سے پہلی حج پروازیں کل حجاز مقدس کے لئے روانہ ہوں گی

Jul 12, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) ملک کے پانچ شہروں سے پہلی حج پروازیں (کل) جمعہ کو حجاز مقدس کے لئے روانہ ہوں گی۔ پہلے دو دنوں میں حج پروازوں کے ذریعے 1500 سے زائد عازمین کو براہ راست مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اسلام آباد سے پہلی حج پرواز پی کے 7003 صبح 6 بج کر 55 منٹ پر روانہ ہو گی۔ نگران وزیر مذہبی امور محمد یوسف شیخ وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عازمین حج کو رخصت کریں گے۔ کراچی سے پی آئی اے کی پرواز 7001 جمعہ کو 2 بج کر 25 منٹ پر روانہ ہو گی۔ لاہور سے ایئر بلیو کی پرواز پی اے 476 صبح 9 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہو گی۔ پشاور سے ایئر بلیو کی پرواز پی اے 6760 شام 5 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہو گی۔ سکھر سے رات 11 بج کر 10 منٹ پر پرواز جمعرات کو کراچی روانہ ہو گی اور یہی پرواز کراچی سے جمعہ کو حجاز مقدس کے لئے روانہ ہو گی۔ اسی طرح فیصل آباد سے پہلی حج پرواز 17 جولائی، ملتان سے پہلی حج پرواز 15 جولائی، رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز یکم اگست اور سیالکوٹ سے پہلی حج پرواز 27 جولائی کو روانہ ہو گی۔

مزیدخبریں