لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی اہلیہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے انہیں اس حالت میں چھوڑ کر وطن واپسی کا فیصلہ اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ اس قوم اور عوام کی محبت میں کیا ہے، نوازشریف جانتے ہیں کہ وہ گرفتارکر لئے جائیں گے لیکن وہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی تکمیل کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، آؤ 13 جولائی کو گھروں سے نکل کر ان کا ایسا شاندار استقبال کرو جو نئی تاریخ رقم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں معطل بلدیاتی نمائندوں کے ورکرز کنونشن سے خطاب اور شاہدرہ چوک، ٹیکسالی چوک، ایم او کالج چوک اور شاہ فرید چوک سبزہ زار کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو کرپشن کے تمام الزامات سے بری کیا ہے لیکن مفروضوں پر سزا دے دی گئی جس کو کوئی نہیں مانتا، پاکستان کی عوام نے اس فیصلہ کو رد کر دیا ہے، نیب میں دس دس سال سے اربوں روپے کی کرپشن کے کیس لٹکے ہوئے ہیں ان کیسز اور لوٹ مار مچانے والوں کو کوئی نہیں پکڑتا، نواز شریف وہ ہے جس نے بل کلنٹن کی پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کو ٹھکرا تے ہوئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے، 2012ء میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ، 20،20 گھنٹے بجلی جاتی تھی لیکن واپس نہیں آتی تھی اور نواز شریف نے ملک بھر سے اندھیرے ختم کر دئیے۔، نواز شریف نے ملک کی خدمت کی ہے، وہ اس دھرتی کا بیٹا ہے اس لئے ان کا تاریخی استقبال کرنا ہمارا فرض ہے، ہم پرامن لوگ ہیں آپ نے ایک لائٹ بھی نہیں توڑنی ہم ملک بنانے والے ہیں توڑنے والے نہیں ہیں، بلدیاتی کنوینشن میں لاہور کے معطل بلدیاتی نمائندے جن میں لارڈ مئیر لاہور ، تمام ڈپٹی مئیر اور بعض صوبائی حلقوں کی یونین کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چئرمینوں کے علاوہ لاہور کی لیڈی کونسلرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شہبازشریف نے کہا 25جو لائی کو آپ بلدیاتی نمائندے بحال ہونگے اور یہ معطل کرنے والی حکومت ختم ہو جائے گی، جھوٹے خان الزام خان نے 72میگاواٹ بجلی پیدا کرنے پر بھی جھوٹ بولا،آپ کی حکومت نے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے پلانٹ لگا دئیے ہیں، لاہور والو 25 جولائی کو اورنج لائن کی مخالفت پر عمران خان سے ووٹ سے بدلہ لینا ہے۔انتخابات میں بائیکاٹ کا کوئی آپشن زیر غور ہے اور نا ہی ایسی کوئی سوچ دور دور تک ہماری ذہن ہے۔ شفاف الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے جو بھی جیتا ہمیں قبول ہو گا۔ ہر قیمت پر نواز شریف کا استقبال کریں گے،مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں تو میں تیار ہوں۔ تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود ہم الیکشن جیت رہے ہیں۔ ہمارا تماشا دیکھ کر خوش ہونے والے سیاسی مخالفین یاد رکھیں کل ان کی باری بھی آ سکتی ہے۔پی ٹی آئی کی اربوں کی کرپشن پر کسی کو بلایا گیا ،ہماری دن رات پیشیاں ہو رہی ہیں۔ عمران خان کو کل اس سے بھی برے سلوک کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے۔ جھوٹا شخص پاکستان کا وزیر اعظم بن گیا تو دنیا میں ہمارا کتنا مذاق بنے گا۔ ایک انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام مسلم لیگ ن کو وٹ دینے کے لئے بے تاب ہیں۔ نیب کے دبائو سے لوگ مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر گئے لیکن نیب کے دبائو کے باوجود پاکستان کے عوام جاگ چکے ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ نیب کے دبائومیں آئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ میں ایک صلح جو آدمی ہوں لیکن پھر بھی کہتا ہوں کہ افواج اور عدالت عظمیٰ سب کا فرض ہے کہ مل کر پاکستان کو آگے لے جانے کی کوشش کریں۔ جرنیلوں ، عدلیہ کے ججوں اور الیکشن کمیشن سمیت ان تمام اداروں اور افراد کو جن کو اللہ نے طاقت دی ہے سے کہتا ہوں کہ اگر ہم نے تعلیم ،صحت ، تحقیق اور ترقی کے دیگر شعبوں میں بھارت کو شکست دینی ہے تو ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہو گا۔ ایسے انتخابات جن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہوں ملک کو ترقی کی راہ پر نہیںگامزن نہیں کر سکتے ۔جنہیں اللہ نے طاقت دی ہے انہیں یہ طاقت شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے وقف کرنی چاہئے۔اگر25جولائی کو انتخابی نتائج پر سوالیہ نشان لگے یا شکوک و شبہات پیدا ہوئے تو کون نتائج تسلیم کرے گا؟ پھر ایسا احتجاج شروع ہوگا جو نہیں رکے گا۔ ہم ہر قیمت پر الیکشن لڑیں گے لیکن اگر دھاندلی ہوئی تو احتجاج کریں گے۔ مشرف کے مارشل لاء کے دوران ہم ایسے مظالم پہلے بھی برداشت کر چکے ہیں۔ یہ گرفتاریاں ملک کی تعمیر اور ترقی کے آگے کوئی حیثیت نہیں رکھتی ہیں۔ نیب کا سارا فوکس مسلم لیگ (ن) پر ہے۔ ایک طرف تحریک انصاف میںبڑے بڑے کرپٹ بیٹھے ہیں، کوئی انہیں بلاتا نہیں جبکہ دوسری طرف ہماری پیشیاں ہی ختم نہیں ہو رہی۔ نوازشریف خود بھی دل کے مریض ہیں۔ ان کے دل کی سرجری ہو چکی ہے۔ ان کے دل میں کئی بار سٹنٹ ڈالے جاچکے ہیں۔ وہ اقتدار کے مزے لینے کے لئے نہیں آ رہے بلکہ انہیں علم ہے کہ انہیں جیل جانا ہو گا۔
ہرقیمت پر نواز شریف کااستقبال کرنگے ، گرفتاری کیلئے تیار ہوں :شہباز شریف
Jul 12, 2018