لاہور: الیکشن میں سرکاری ملازمین کی تعیناتی مکمل، 2 نابینا، ہاتھوں سے معذور شخص بھی شامل، سندھ میں 65 فیصدپولنگ سٹیشن حساس قرار

کراچی ،لاہور(آئی این پی+ اپنے نامہ نگار سے)سندھ کے17ہزار747 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 65فیصد پولنگ سٹیشنزحساس قراردئیے گئے۔الیکشن کمیشن نے سندھ کے حساس، حساس ترین اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی فہرست جاری کردی ہے۔سندھ کے5 ہزار 673 پولنگ سٹیشن حساس ترین قرار دئیے گئے ہیں۔سندھ میں 5 ہزار 776 پولنگ سٹیشن حساس قرار دئیے گئے جبکہ سندھ کے20 ہزار 165 پولنگ بوتھ انتہائی حساس قراردئیے گئے ہیں۔ سندھ کے 29 اضلاع میں سب سے زیادہ حساس ترین خیر پور کو قرار دیا گیا۔خیرپورکے788 پولنگ سٹیشنز کے2502 پولنگ بوتھ انتہائی حساس ہیں۔ دوسرے نمبرپرحساس ترین کورنگی کراچی میں 732پولنگ اسٹیشن ہیں۔کراچی ایسٹ میں 698 پولنگ سٹیشنز، 2ہزار 790 پولنگ بوتھ حساس ترین ہیں۔کراچی ویسٹ کے237 پولنگ اسٹیشن،1359 پولنگ بوتھ حساس ترین قراردئیے گئے ہیں۔ لاہور میں پولنگ سٹیشنز پر سرکاری ملازمین کی ڈیوٹی کا ٹاسک مکمل کر لیا گیا ہے، لاہور کے 3887 پولنگ سٹیشنز پر 38ہزار 543سرکاری ملازمین ڈیوٹی دیں گے۔ الیکشن سیل نے 2ہزار سرکاری ملازمین کو بیک اپ کے طور پر رکھ لیا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں بھیجا جائیگا۔ انچارج سید دلدار شاہ، سینئر سول جج شکیب عمران نے ڈیوٹیاں لگانے کا کام مکمل کر لیا اور ریٹرننگ آفیسرز کو سٹاف کی حتمی فہرستیں جاری کردی گئیں۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے کمال تیزرفتاری دکھاتے ہوئے دو نابینا افراد اور ایک ہاتھوں سے محروم شخص کی الیکشن ڈیوٹی بھی لگا دی۔ پتہ چلنے پرمقامی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر نے پریذائیڈنگ افسر کی ڈیوٹی پر تعینات تین معذور افراد کی الیکشن ڈیوٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن