لاہور(خصوصی رپورٹر)سنٹرل میڈیا کمیٹی مسلم لیگ (ن )اورسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سنیٹر مشاہد حسین سید نے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن )کے 200 سے زائد کارکنوں ، انتخابی امیدواروں اور سینٹرز کی گرفتاریوں کے حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کو خط لکھ دیا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خط میں کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا استقبال کرنا مسلم لیگ (ن )کے کارکنوں کا سیاسی حق ہے اور ہمیں اس سے محروم نہیں رکھا جا سکتا ۔دفعہ 144 کا نفاذ نا صرف جمہوری روایات کی پامالی ہے بلکہ انتخابی ماحال پر اثرانداز ہونے کی مذموم کوشش بھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے جس سے نا صرف سیاسی ماحول میں بگاڑ پیدا ہوا بلکہ یہ ہمارے سیاسی مخالفین کو الیکشن میں فری ہینڈ دینے کے مترادف ہے ۔سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور آپکی حکومت الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی پابند ہے ۔ پنجاب کی نگران حکومت کے حالیہ اقدامات نا صرف شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی روح کے خلاف ہیں بلکہ نگران حکومت دھاندلی میں برابر کی حصہ دار بن گئی ہے۔اگر آپ نے یہ اقدامات فوری طو رپر واپس نہ لئے تو اس سے نہ صرف سیاسی ماحول میں بگاڑ پیدا ہو گا بلکہ انتخابات کی شفافیت پر بھی انگلیاں اٹھیں گی۔ فوری طور پر ان تمام اقدامات کو واپس لیا جائے ورنہ یہ تاثر پیدا ہو گا کہ آپ پری پول دھاندلی میں برابرشریک ہیں۔