لاہور (خصوصی نامہ نگار) نگران صوبائی وزیر ہائوسنگ سعید اللہ بابر نے ہدایت کی ہے کہ شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے نئی سڑکوں پر کمرشلائزیشن کی اجازت دینے کا جائزہ لیا جائے۔دوسرے شہروں سے لاہور کی طرف نقل مکانی کے نتیجے میں آبادی کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر طویل المدتی ماسٹر پلان تیار کر کے رہائشی ‘تعلیمی‘کاروباری ‘صنعتی اور دیگر مقاصد کے لئے علیحدہ علیحدہ زون بنائے جائیں ۔تیز بارش سے عمارتوں کے اندر پانی داخل ہونے کی شکایات کے پیش نظر تعمیراتی قواعد میں بہتری لائی جائے‘ایل ڈی اے کو عوامی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور شہریوں کی سہولت کو ہر چیز پر ترجیح دی جائے وہ گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دورے کے موقع پر افسران سے بات چیت کر رہے تھے۔