سیاسی مداریوں کو عوام کے اعتماد سے کھیلنے نہیں دیں گے،مہتاب نورانی

کراچی(نیوزرپورٹر)پی ایس 98سے جمعیت علمائے پاکستان کے نامزدامیدوارمہتاب نورانی نے اپنے حلقے میں مختلف برادریوں کے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مداریوں،لٹیروں اور لوٹا کریسی نے عروس البلاد کراچی کو لوٹ کا مال سمجھ کر تباہ و برباد کردیاہے ، جو شہر دنیا میں ہماری پہچان تھا وہ آج کھنڈرات کا نمونہ پیش کررہا ہے، عوام بنیادی سہولیات تک سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر پانچ سال بعد عوام کا درد اپنے دلوں میں جگانے والے سیاسی مداری اور عوام کے رہزن ہی عوام کے اصل دشمن ہیں جو ستر سال سے ملک خصوصاً کراچی کو بے دردی سے نوچ کھسوٹ رہے ہیں،جیالے،متوالے ہوں یا کھلاڑی سب ہی نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے ،آج روٹی روزگار سے پریشان حال لوگ پانی،بجلی،گیس جیسی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرکے وہاں محلات خریدنے کاروبار کرنے اور اپنے بچوں کو غیر ملکی اداروں میں پڑھانے والے شعبدہ گر اب عوام کے اعتماد سے کھیل کر انہیں بے وقوف نہیں بناسکتے۔

ای پیپر دی نیشن