اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 53,54 میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کے امیدوار عوام کا درد رکھنے والے اورعوام کے مسائل حل کرنے والے لوگ ہیں ، ہر گزرتے دن میں متحدہ مجلس عمل کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے ، عوام25جولائی کو کتاب پر مہر لگاکرمصنوعی قیادت سے جان چھڑائیں جنہوں نے ملک کو قرض میں ڈبویا ہے۔وفاقی دارالحکو مت میں رہنے والے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، شہری 25جولائی کواسلام آباد کو محرومیوں اور بد حالی کا شکار کر نے والوںسے انتقام لیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی ایٹ میں جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے تحت منعقدہ ایک بڑی کار نر میٹنگ سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل محمد کاشف چوہدری ، جمیل کھو کھر ، پیر عبدالشکور نقشبندی ، ہماء ایوب ، شہزاد صفدر ، شاہدہ باجی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا 25جولائی کو ایم ایم اے کی کامیابی یقینی ہے ، متحدہ مجلس عمل کلین اور گرین اسلام آباد چاہتی ہے اس ملک کوکرپشن سے پاک اسلامی اور فلاحی مملکت بنائیں گے ،موجودہ قیادتیں ناکام ہوچکی ہیں ،ان جماعتوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا ہے یہاں تک کہ عوام کوانسان کی بنیادی ضرورت پانی تک سے محرو م کر دیا ہے انھوں نے کہا 25جولائی مجبوروں ، محروموں ،مزدوروں کادن ہے ، اس دن کرپٹ مافیا کی مو ت اور نظریہ پاکستان کے علمبرداروں کے لیے خوشی کا د ن ہوگا ۔