پارٹی صدر کی حیثیت سے کارکنوں کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں بیٹھوں گا:شہباز شریف

Jul 12, 2018 | 13:48

ویب ڈیسک

 مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب  شہباز شریف   نے کہا ہے کہ جیلوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں، نواز شریف کا استقبال کرنا آئینی اور قانونی حق ہے۔ نجی ٹی وی سے  گفتگو  کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے کارکنوں کے ہمراہ 13 جولائی کو ایئرپورٹ پہنچوں گا اور کارکن دوران استقبال سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پرامن طریقے سے نواز شریف کا استقبال کریں گے جب کہ کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھا رہی ہیں اور پارٹی صدر کی حیثیت سے کارکنوں کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں بیٹھوں گا۔(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں اور تمام جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانے کا موقع ملنا چاہیے۔شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن لیگی کارکنان کی گرفتاری کا نوٹس لے، پولیس حنیف عباسی کو بھی گرفتار کرنا چاہتی ہے۔یاد رہے کہ احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف بیٹی مریم نواز کے ہمراہ کل لندن سے پاکستان پہنچ رہے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے قومی احتساب بیورو ( نیب )نے تیاری کرلی  ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف کے پاکستان پہنچنے پر استقبال کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں تاہم (ن) لیگی کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 

مزیدخبریں