ریاض(این این آئی )سعودی عرب کی سینئر علماء کونسل نے کابینہ کی طرف سے جاری کردہ اس بیان کی تائید کی ہے جس میں عازمین حج پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فریضہ حج کے دوران اپنی توجہ مناسک حج کر پرمرکوز رکھیں اور ہرقسم کی مسلکی، مذہبی اور سیاسی نعرے بازی سے گریز کریں۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی علماء کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حج بیت اللہ کے لیے آنیوالے فرزندان توحید کا اصل کام مناسک حج کی ادائیگی ہے۔ حج کے ایمانی مقاصد کا حصول ہی ہرحازجی کی پہلی ترجیح ہے۔ حجاج کرام کو حج کی عبادت کے موقعے سے فایدہ اٹھا کرخود کو عبادت اور اطاعت الہیٰ کے لیے وقف کردینا چاہیے۔ حجاج کرام کے لیے کسی قسم کے سیاسی اور فرقہ وارنہ نعرے بازی یا ایسی کسی سرگرمی میں حصہ لینے کا کوئی جواز نہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حج کے دوران حجاج کرام کا سب سے بڑا مقصد عبادت، قرب الٰہی، معصیت سے اجتناب اور اطاعت خدا وندی ہے۔ حج پوری مسلم امہ کی وحدت کی علامت ہے اور حج کے شعائر کی ان کی روح کے مطابق ادائیگی ہرحاجی کی دینی ذمہ داری ہے۔قبل ازیں سعودی عرب کابینہ نے بھی عازمین حج پر خود کو سیاسی نعرے بازے سے دور رکھنے پر زور دیا تھا۔
حج کے موقع پرسیاسی نعروں کا کوئی جواز نہیں، سعودی علماء کونسل
Jul 12, 2019