لندن+تہران(آئی این پی)خلیج فارس میں ایران اور برطانیہ کی افواج آمنے سامنے آتے آتے رہ گئیں، ایرانی بحریہ نے برطانوی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کی مبینہ کوشش کی، برطانوی بحریہ نے ایرانی کشتیوں پر گنیں تان لیں۔ برطانوی بحریہ نے ایران کا آئل ٹینکر پچھلے ہفتے جبرالٹر کے قریب سے قبضے میں لے لیا تھا، جس پر ایرانی صدر روحانی نے خبردار کیا تھا کہ بدامنی پھیلانے والا برطانیہ نتائج سے خبردار رہے۔برطانیہ کا کہنا ہے کہ ایرانی کشتیوں نے برطانوی کمرشل جہاز کو قبضے میں لینے کی کوشش کی ہے، اس ایرانی اقدام پر تشویش ہے۔علاوہ ازیں ایران نے آبنائے ہر مز میں برطانیہ کے ایک آئل ٹینکر کو روکنے پر مبنی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ پاسداران انقلاب ایران کے مطابق ،آبنائے ہرمز میں محو سفر "برٹش ہیریٹیج" نامی ایک برطانوی آئل ٹینکر کو روکنے کی کوشش نہیں کی گئی حتی24 گھنٹوں کے دوران ہماری بحریہ کا آمنا سامنا کسی غیر ملکی بحری جہاز سے نہیں ہوا ۔