لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب میں مستحق صحافیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ پنجاب جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کی مد میں لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 34صحافیوں میں تقریباً 20لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری بھی موجود تھے۔ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے مالی امداد سمیت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں نام نہاد خادم اعلیٰ شہباز شریف نے ذاتی پبلسٹی پر کروڑوں روپے لْٹائے۔ نواز لیگ نے بے جا تشہیر پر قومی خزانہ ضائع کیا۔ ہم سابق حکومت کی میڈیا کو واجب الادا رقوم ادا کر رہے ہیں اور میڈیا ہاؤسز کو 60فیصد سے زیادہ واجب الادا رقوم ادا کی جا چکی ہیں۔ پنجاب حکومت باقی رقوم بھی جلد کلیئر کرنے جا رہی ہے۔ تمام ادائیگیوں کے بعد میڈیا ملازمین کا معاشی تحفظ یقینی ہونا چاہئے۔ صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے رحیم یار خان میں اکبر ایکسپریس کے حادثے میں اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہا کیا۔ صوبائی وزیر نے حسن ابدال کے نزدیک ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی اظہار افسوس کیا۔