اسلام آباد(این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے،یا بند دروازوں میں کھیلے گئے اور یا پھر کوویڈ19 کیباعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔ دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہوگا۔پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا،چھ ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لئے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔ صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لئے ایونٹ کے لئے خریدی گئی اپنی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔ شعیب نوید نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ایک کامیاب ایونٹ رہا، جہاں مجموعی طورپر 5 لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ پراجیکٹ ایگزیکٹو پی ایس ایل کاکہنا ہے کہ پی سی بی اور تمام فرنچائزز پرامید ہیں کہ لیگ کے بقیہ میچز کو2020 میں ہی ری شیڈول کرلیاجائے گا۔ان میچوں کو ری شیڈول کرنے سے متعلق تمام تفصیلات اپنے مقررہ وقت پر جاری کردی جائیں گی۔