لاہور‘ ممبئی (نوائے وقت رپورٹ) بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن اور ان کا بیٹا ابھیشیک بچن کے کرونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں۔ امیتابھ بچن کو ممبئی کے نانا وتی ہسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اداکار امیتابھ بچن کی حالت تسلی بخش ہے۔ امیتابھ بچن کے گھر والوں اور سٹاف کے بھی کرونا ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ امیتابھ بچن نے اپنے پرستاروں سے صحت کی دعا کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کے ٹی وی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ یشما گل نے بتایا ہے کہ ان میں نئے کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر پوسٹ کی جانے والی ایک سٹوری میں انہوں نے بتایا 3 دن قبل مجھے بخار اور کووڈ 19 سے جڑی معتدل علامات کو محسوس کیا تھا جس کے بعد میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا اور فوری طور پر ٹیسٹ کرایا۔ گزشتہ شب رپورٹ مثبت آئی مگر ابتدائی علامات سے ہٹ ابھی تک حالت بہتر ہے۔ خیال رہے کہ یشما گل الف‘ قربان اور پیار کے صدقے جیسے ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ اس سے قبل روبینہ اشرف سے قبل معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز سمیت ان کی بیٹی میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔