لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ کورونا کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے ہمیں اپنا لائف سٹائل تبدیل کرنا ہوگا۔خوراک میں مناسب تبدیلی کر کے وائرس کے خلاف جسمانی قوت مدافعت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اسی طرح وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام ضروری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں جس سے وہ خود محفوظ رہنے کے علاوہ دوسروں کو بھی ان بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مہلک امراض کے بہتر علاج کے لئے ڈاکٹرز ونرسز کی خصوصی تربیت کو طبی نصاب کا حصہ بنایا جائے اور معالجین انفیکشن کی بیماریوں میں سپیشلائزیشن کرنے کو دوران میڈیکل تعلیم ترجیح دیں تاکہ مستقبل میں مذکورہ امراض کی روک تھام اور مریضوں کے بہتر علاج معالجہ کی زیادہ سے زیادہ سہولیات دستیاب ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں وبائی امراض کے علاج کے لئے خصوصی ہسپتالو ں اور وارڈز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے مریضوں کی جان بچانے والے ڈاکٹرز و طبی عملے کے اراکین خود کورونا وائرس سے بڑی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔