اسلام آباد(کلچرل رپورٹر) غیر سرکاری ادارے ’’دی لٹل آرٹ‘‘کی جانب سے ملک بھر سے 25 نوجوان خواتین کو پہلے ’’25 انڈر25 ایوارڈ‘‘سے نوازا گیا۔ ان خواتین کو یہ ایوارڈ اپنی اور اپنے اہل خانہ سمیت معاشرے کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔دی لٹل آرٹ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق جنوری2020ء میں ادارے نے ملک بھر سے خواتین کو کہا تھا کہ وہ اپنی کامیابی کی داستان اور اپنا پروفائل ادارے کو بھیجیں ۔جس کے جواب میں ملک کے مختلف حصوں میں145 خواتین نے مقابلہ میں شرکت کی۔جس کے بعد لٹل آرٹ کے ججز نے ان کی کارکردگی اور پروفائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے 25 خواتین کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔25 انڈر 25 ایوارڈ کے ویژن کے تحت نوجوان خواتین کی محنت اور کاوشوں کو اعتراف کیا گیا خواتین نے اپنی بہتری اور ترقی کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ اور معاشرتی فلاح وبہبود کیلئے کی تھیں۔ایوارڈ کیلئے منتخب خواتین کا تعلق ملک کے مختلف حصوں سے ہے جو پاکستان کی متنوع جغرافیائی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔