لاہور+ فیروز والا+ گوجرانوالہ+ شیخوپورہ+ سیالکوٹ+ ساہیوال+ فیصل آباد (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگاران + نمائندگان خصوصی+ نمائندگان نوائے وقت) اتوار کے روز لاہور سمیت بالائی اور وسطی پنجاب،کشمیر، بالائی خیبرپی کے اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائوں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ادھر فیروزوالا، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، ساہیوال، فیصل آباد کے دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،فیروز والا میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی ملبے تلے دب گئے جس کے باعث خاتون جاں بحق ہو گئی، گوجرانوالہ میں کئی فیڈر ٹرپ ہوگئے، شیخوپورہ میںمحنت کش اپنے گدھے سمیت جاں بحق ہو گئے، کئی ٹرانسفارمربھی جل گئے،جبکہ ساہیوال میں آندھی کے باعث شادی کی تقریب میں ٹینٹ گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی ادھرفیصل آباد، سمندری، جڑانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے دوران چھتیں، دیواریں، بجلی کی تاریں، چھپرے اور گیٹ کا پلر گرنے کے واقعات میں چار بہنوں کا اکلوتا بھائی 4 سالہ بچہ سمیت 2 جاں بحق جبکہ3 بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق آج ملک کے بیشتر بالائی ، وسطی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ادھر گوجرانوالہ میں بارش کے ساتھ ہوا چلنے کے باعث گیپکو کے متعدد فیڈرٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوں کی لائٹ کئی گھنٹوں تک بند رہی متاثرہ علاقوں میں ، سلامت پورہ ، اصغر کالونی، ریس کورس روڈ، شیخوپورہ موڑ ،غازی پورہ ودیگر شامل ہیں۔ شیخوپورہ میں بارش کے دوران کئی مقامات پر ٹرانسفار مر جل گئے جس سے سینکڑوںشہریوں کے فریجیں اور دیگر الیکٹرانک سامان بھی جل گیا جبکہ اس دوران مرزا ورکاںروڈ پر بجلی کے پول میں کرنٹ آجانے کے باعث محنت کش امانت علی اوراس کا گدھا کرنٹ لگنے سے جاںبحق ہوگئے۔ لاہور شرقپور روڈ کی آبادی نورپور آرائیاں میں شدید بارش کے باعث ضیاء الرحمان کے مکان کی بوسیدہ چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں ضیاء الرحمن شدید زخمی جبکہ اس کی بیوی جمیلہ ہلاک ہوگئی۔ ریسکیو اور شہریوں نے جدوجہد کرکے ملبہ اٹھا کر زخمیوں کو باہر نکالا اور انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا لیکن خاتون دم توڑ گی ۔