کامرہ کینٹ ( نامہ نگار ) وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کے 2سال باقی ہیں جن میں عوام کو ڈیلیور کیا جائے گا، پاکستان کو بہت سارے چیلینجز کا سامنا رہا ہے، کورونا وائرس اور معاشی حالات کو پی ٹی آئی حکومت نے انتہائی احسن طریقے سے سنبھالا، شوگر مافیا، غلہ مافیا سے مقابلہ کیا ہے، پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ملاہے، اپوزیشن کی سیاست میں شہباز شریف کبھی پائوں پکڑنے اور کبھی ناک رگڑنے کی بات کرتے ہیں مگر اس طرح کی باتوں سے اب وہ واپس آنے والے نہیں،پاکستان میں کرپشن کو رواج دینے والے کہتے ہیں کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے تاہم پی ٹی آئی میں یہ سب نہیں ہے، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر صادق پارلیمانی پارٹی کے اہم ترین لیڈروں میں سے ایک ہیں، وہ گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی میجر(ر) طاہر صادق کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے بعد ازاں ڈاکٹر بابر اعوان نے سابق ایم پی اے اور پی پی پی کے مقتول رہنما ملک شاہان حاکمین کی رہائشگاہ پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔