فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خو اجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت احتساب کا کوئی ادارہ آزاد نہیں۔ عابد شیر علی کی فیملی کو ان کی ضرورت ہے مگر وہ پاکستان نہیں آسکتے۔ عابد شیر علی پاکستان آئے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے عابد شیر علی کی اہلیہ کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عابد شیر علی کا جرم نواز شریف سے وفا ہے۔ خطے میں امن کیلئے نواز شریف جیسا کام کسی نے نہیں کیا۔ واجپائی کو بس میں بیٹھ کر پاکستان آنے پر کھانے پر مجبور کیا تھا؟۔ نوازشریف کی حکومت میں بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ نوازشریف نے ہمیشہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور برہان وانی کا نام نواز شریف نے ہی اقوام متحدہ میں لیا تھا۔ مودی نے کشمیر کو ہڑپ کرنے کی سازش کی۔ موجودہ حکومت خاموش ہے مجھ سمیت جس پر بھی مقدمہ بنا رہا اس میں کچھ نہیں نکلا۔ ہم تو جیلیں کاٹ کر آگئے۔ آج بھی اپنے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ افغانستان کے حالات کے اثرات پاکستان پر پڑیں گے۔ شہباز شریف پارٹی صدر ہیں۔ مریم نواز نے خود اپنا مقام بنایا ہے۔ مریم نواز اپنا اور شہباز شریف اپنا کام کر رہے ہیں۔
مریم نواز، شہبازشریف اپنااپنا کام کررہے ہیں: سعد رفیق
Jul 12, 2021