پشاور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے خبردار کیا ہے کہ سکیورٹی گارڈز واپس لیے جانے پر اگر کسی رہنما کو نقصان پہنچا تو مقدمہ وزیر اعلی اور آئی جی کے خلاف درج کرائیں گے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے 29سیاسی رہنمائوں اور اہم شخصیات سے پولیس سکیورٹی واپس لیے جانے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ایسے حالات میں سکیورٹی واپس لی جا رہی ہے کہ جب خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔ موجودہ حالات میں سکیورٹی کا واپس لینا دراصل ہمیں موقف سے پیچھے ہٹنے کا پیغام دینا ہے۔ ہمیں کسی بھی دھمکی یا پیغام سے ڈرایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف واضح موقف کی وجہ سے ہمیں ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء محکمہ اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ اہم شخصیات زندگی کو خطرہ محسوس کریں تو محکمہ داخلہ سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
سکیورٹی واپس لینے سے نقصان کی ذمہ دار حکومت ہو گی: اسفندیار ولی
Jul 12, 2021