ملتان (صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ افغانستان میں پائیدارامن کے لئے مذاکراتی حل بہترین راستہ ہے۔ملتان میں صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان چاہتاہے کہ افغانستان کی اعلی قیادت پائیدار امن کیلئے سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل میں حصہ لے جو صرف سیاسی افہام و تفہیم کے ذریعے ممکن ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ تاجکستان اورازبکستان کابھی دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ہم منصبوں کے ساتھ افغانستان کے مسئلے پربات چیت کریںگے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن سے علاقائی رابطوں کوفروغ دینے میں مددملے گی جس کے نتیجے میں خصوصا وسط ایشیائی ممالک اورافغانستان میںتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمودقریشی نے کہاکہ عالمی برادری نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردارکوسراہاہے۔