لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ باقاعدہ اور متوازن ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج متعارف کرایا ہے۔ ہماری حکومت نے 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے نظر انداز کردہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا۔ سابق حکومت نے کئی برس تک پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے کو ذاتی انا کی وجہ سے التوا میں رکھا۔ سابق حکمرانوں کے تعصب کے باعث منصوبے پر لاگت میں کئی گنا اضا فہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 2006میں شروع ہوا اور 15 سال اسے زیرالتوا رکھا گیا۔ ہم نے ساڑھے 3ارب دے کر اسے مکمل کرایا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پیر پگاڑا پیر سید صبغت اللہ شاہ کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے پیر پگاڑا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ اتوار کے روز وزیراعلی نے اپنے تعزیتی پیغام میں پیر پگاڑا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ عثمان بزدار نے لاہورکے علاقے لیاقت آباد میں کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو وزیراعلی عثمان بزدار نے جاں بحق بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارتعزیت کیا اور غمزدہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلی عثمان بزدارنے افسوسناک واقعہ کے بارے میں کمشنر لاہورڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے ٹیکس ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولیوں میں 24.7فیصد اضافہ ہوا،محکمہ ایکسائز کی ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ 18 فیصد زیادہ رہا۔ کاروباری افرادکوخصوصی مراعات دی گئیں۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جس کا ٹیکس ریونیو ٹارگٹ سرپلس میں ہے۔ سابق حکمرانو ں نے صوبے کی معیشت کو اپنی نااہلیوں سے تباہ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے صوبے کا دیوالیہ نکال دیاتھا، دن رات محنت کر کے معیشت کی سمت درست کی ہے۔ آج پنجاب کی معیشت دوبارہ مستحکم ہو چکی ہے۔