ا سلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) احتساب سب کیلئے" کی پالیسی اپناتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی ماں ہے جو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی کسی سیاسی جماعت ، گروپ اور فرد سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔ نیب افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں کیونکہ بدعنوانی کا خاتمہ ان کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک اینٹی کرپشن فورم کے چیئرمین نیب پورے سارک ممالک کے لئے بطور رول ماڈل سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو تاجر برادری کے لئے بہت احترام ہے کیونکہ وہ کسی بھی ملک کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ نیب سے متعلق کاروباری برادری کی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی سیل قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب بیوروکریسی کا بھی احترام کرتا ہے اور تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کرتا ہے کہ وہ قانون کے مطابق نیب کے دفاتر میں آنے والے تمام افراد کی عزت نفس کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور سینئر افسران کے تجربے اور اجتماعی دانشمندی سے فائدہ اٹھانے کے لئے سی آئی ٹی کا تصور بہت کامیاب ثابت ہوا ہے۔ شکایات کی تعداد میں اضافہ نیب پر عوامی اعتماد میں اضافہ کے علاوہ نیب کی عمدہ کارکردگی کے بارے میں نامور قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کی تعریف کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ نیب کا عقیدہ بدعنوانی سے پاک پاکستان ہے۔