اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت عارف علوی نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی ابھرتی معیشت کو دو خطرات لاحق ہیں۔ افغانستان میں بدامنی اور کرونا کیسز میں ممکنہ اضافے سے معیشت کو خطرات ہیں۔ امید ہے طالبان اور ان کے ہم وطنوں کو امن و آشتی نصیب ہو گی۔ شہری عید کے دوران احتیاط کریں۔ ماسک‘ سماجی فاصلہ اور ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی یوم آبادی پر اپنے خصوصی ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اگر بچوں کی عمروں میں مناسب وقفہ نہ ہو تو اس سے ماں اور بچے کی صحت کے مختلف مسائل پیدا ہوتے ہیں اور خصوصاً بچوں کو سٹنٹنگ یعنی غذائی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے خیر خواہ کے نام سے ایک خصوصی پروگرام بھی شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی بچوں کی عمروں میں مناسب وقفہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں ماں اور بچہ کی صحت کے حوالہ سے گفتگو نہیں ہوتی۔ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے تا کہ پاکستان ایک خوشحال ملک بنے اور ہمارے خاندانوں میں خوشحالی آئے۔
افغانستان میں بدامنی اور کرونا سے پاکستانی معیشت خطرات ہیں : صدر علوی
Jul 12, 2021