لاہور(نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)لاہور میں مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ کیخلاف رکشہ ڈرائیورں نے مینار پاکستان میں احتجاجی کیمپ لگایا جس میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، پی پی رہنماحسن مرتضی نے بھی شرکت کی۔احتجاجی کیمپ میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کاکہنا تھا کہ حکومت نااہل، ناکام اور عوام دشمن ہے، مہنگائی بیروزگاری، لاقانونیت، ناانصافی نے غریب کا کچومر نکال دیا ہے۔اس موقع پر پی پی رہنماحسن مرتضی نے کہاکہ مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت، کورونا پر حکومت کا ضمیر جگانے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نیمنصورہ میں مرکزی تربیت گاہ اور مرکزی سیاسی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بندوق، فوج طویل مدت تک عوام کی مزاحمت کے سامنے کھڑی نہیں رہ سکتی۔ پوری دنیا میں جنگ، بارود، خون اور بندوق و دہشت گردی مسلط کرکے اور لاکھوں انسانوں کو ناحق مارکر اب فوجوں کو سبق مل رہا ہے کہ بندوق فیصلہ نہیں کرسکتی۔ عالمی اور قومی سطح پر مسائل کا حل انصاف اور ڈائیلاگ ہے۔ افغانستان میں طویل مدت سے عدمِ استحکام، جنگ اور دہشت گردی کے ذمہ دار برطانیہ، روس اور امریکہ ہیں۔